وی سی پاکستان انسٹیٹیوٹ اف ڈویلپمنٹ اکنامکس (PIDE) ڈاکٹر محمد ندیم جاوید کی اے پی پی سے خصوصی گفتگو

31

اسلام آباد، 27 فروری (اے پی پی ):وی سی پاکستان انسٹیٹیوٹ اف ڈویلپمنٹ اکنامکس  ڈاکٹر محمد ندیم جاوید نے کہا ہے کہ ملک میں اقتصادی ترقی اور نوجوانوں کے لیے مواقع کو بڑھانے کے لیے مربوط حکمت عملی اور مؤثر منصوبہ بندی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے فریم ورک کو پیشہ ورانہ انداز میں استوار کر کے ملک کی پیداواری صلاحیت اور برآمدات کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نوجوان آبادی ملک کی سب سے بڑی قوت ہے اور ان کی فعال شمولیت کے لیے روزگار کے مواقع، انٹرپرینیور شپ اور مائیکرو انٹرپرائزز کے فروغ پر توجہ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کی افادیت، ماحولیاتی تحفظ اور سرمایہ کاری کے مواقع کو مؤثر انداز میں بروئے کار لانے سے ملک کی معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔

ڈاکٹر محمد ندیم جاوید نے مزید کہا کہ ملکی وسائل، ورک فورس، اور ٹیکنالوجیکل و صنعتی بیس کو مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے معاشی اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ ان کے مطابق مثبت سوچ، محنت اور درست حکمت عملی کے ذریعے ملک کی معیشت میں اضافی پیداوار اور برآمدات کے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں، جو طویل مدتی ترقی اور نوجوانوں کے لیے بہتر مواقع فراہم کریں گے۔