حکومتِ پاکستان کا مصنوعی ذہانت کے فروغ کے لیے اہم اقدام

13

اسلام آباد،04 مارچ (اے پی پی): حکومتِ پاکستان نے ملک میں مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے ایک بڑے فنڈ کے قیام کا اعلان کیا ہے،اس اقدام کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کے شعبے میں ترقی کی رفتار کو تیز کرنا اور نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔

اس سلسلے میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل بھی معاون کردار ادا کر رہی ہے تاکہ ٹیکنالوجی کے میدان میں مثبت پیش رفت کو یقینی بنایا جا سکے۔تعلیمی اور معاشی ماہرین نے اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

 پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کے وائس چانسلر ڈاکٹر ندیم جاوید نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک میں مصنوعی ذہانت کے شعبے کو منظم انداز میں فروغ ملے گا۔ ان کے مطابق تعلیمی اداروں میں جدید ٹیکنالوجی سے متعلق آگاہی اور تربیت کے مواقع بڑھائے جائیں گے تاکہ طلبہ مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو تربیت اور رہنمائی فراہم کر کے انہیں روزگار اور کاروباری مواقع سے جوڑا جائے گا۔ اس اقدام سے نئے کاروباری منصوبوں، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور دیگر شعبوں میں جدت کی راہیں ہموار ہوں گی۔

ماہرین کے مطابق یہ اقدامات پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت کے قیام میں معاون ثابت ہوں گے اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے، جس سے مجموعی طور پر قومی ترقی کو تقویت ملے گی۔