لاہور، 7 مارچ ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت حالیہ عالمی تناظر میں ملکی معاشی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں عالمی سطح پر کشیدگی اور اس کے خطے پر ممکنہ معاشی اثرات پر بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعظم نے معاشی ترقی کے ساتھ سادگی اور بچت پر مبنی لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت دی۔
وزیر اعظم نے عالمی معاشی دباؤ کے پیش نظر کمیٹی کو 48 گھنٹوں میں قابل عمل تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ مجوزہ لائحہ عمل میں عوام پر بوجھ کم سے کم رکھا جائے اور عوامی ریلیف کو اولین ترجیح دی جائے۔
اجلاس میں وزیر اعظم کو اس حوالے سے قائم فعال کمیٹی کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیر اعظم نے گزشتہ ہفتے عالمی کشیدگی کے معاشی اثرات کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی قائم کی تھی جس کے باعث ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت پیدا نہیں ہوئی۔کمیٹی کی تجویز پر گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافہ کیا گیا تاہم عالمی سطح پر اضافے کا کم سے کم بوجھ صارفین پر منتقل کیا گیا۔
وزیر اعظم نے کمیٹی کو مزید فعال ہو کر عوام کے لیے جلد قابل عمل اور سہل سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی۔وزیر اعظم نے واضح ہدایت دی کہ جو پیٹرول پمپ یا کمپنی مصنوعی قلت یا ذخیرہ اندوزی میں ملوث پائی جائے اسے فوری بند کر کے لائسنس منسوخ اور قانونی کارروائی کی جائے۔وزیر اعظم نے وزیر خزانہ اور وزیر پیٹرولیم کو چاروں صوبوں کے دورے کر کے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر پیٹرولیم مصنوعات کی بچت اور بلاتعطل فراہمی کے لیے منصوبہ بندی تیار کرنے کی ہدایت کی۔











