ملتان؛کمشنر کا انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ، ایمرجنسی وارڈ کی گنجائش 123 بیڈز تک بڑھا دی گئی

25

ملتان،9مارچ(اے پی پی ):  کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ملتان کا اچانک دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے نئی ایمرجنسی، پرانی ایمرجنسی، سی سی یو اور سرائے کا جائزہ لیا جبکہ مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے ملاقات بھی کی۔

کمشنر کو ایم ایس ڈاکٹر فرحان نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور جاری اقدامات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئی تعمیر شدہ 63 بیڈز پر مشتمل ایمرجنسی مکمل طور پر فعال کر دی گئی ہے جس کے بعد ایمرجنسی وارڈ کی مجموعی گنجائش 60 سے بڑھا کر 123 بیڈز کر دی گئی ہے۔مزید بتایا گیا کہ نئی ایمرجنسی میں ڈائلیسز مشین کے ساتھ خصوصی بیڈ بھی مختص کیا گیا ہے تاکہ دل کے دورے کے ساتھ آنے والے ڈائلیسز کے مریضوں کو فوری علاج کی سہولت فراہم کی جا سکے۔ اس کے علاوہ چیف منسٹر اسٹروک مینجمنٹ پروگرام کے آغاز کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایمرجنسی کے داخلی حصے میں قائم لیبارٹری کو جلد بیسمنٹ میں منتقل کیا جائے گا جبکہ اس جگہ جدید ریسسٹیٹیشن وارڈ قائم کیا جائے گا جس سے ایمرجنسی کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔

کمشنر عامر کریم خاں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ نیا وارڈ ڈیڑھ ماہ کے اندر مکمل کیا جائے اور مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ اس موقع پر مریضوں نے ہسپتال میں طبی سہولیات اور ادویات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔