اقوامِ متحدہ، 10 مارچ ( اے پی پی): اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے بھارت اور افغانستان کے غیر متعلقہ نمائندے کے بیانات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے انسدادِ دہشت گردی اقدامات کسی عوام کے خلاف نہیں بلکہ صرف افغان سرزمین سے آپریٹ کرنے والے دہشت گرد گروہوں کے خلاف دفاعی حق کے تحت ہیں۔
پاکستانی مندوب نے بھارت پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی ٹی ٹی پی اور بی ایل اے جیسے گروہوں کی سرپرستی کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے اور اس حوالے سے ناقابلِ تردید شواہد موجود ہیں.
عاصم افتخار نے کہا کہ افغان نمائندے کے بیانات زمینی حقائق سے مکمل طور پر کٹے ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے طالبان حکومت کو دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائی، شمولیتی حکومت کی تشکیل اور خواتین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ہوگا، ساتھ ہی بھارت کو افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف تخریب کاری کا سلسلہ بند کرنے کی سخت تنبیہ بھی کی۔











