لودھراں،11 مارچ (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف کی زیر صدارت ضلعی محکموں کا ایک اہم اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں عیدالفطر اور یومِ پاکستان کے موقع پر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں یکے بعد دیگرے آنے والے ایونٹس کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے اور متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی گئیں۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ہدایت کی کہ سرکاری و نجی عمارتوں پر چراغاں کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شفٹ وائز فرائض انجام دینے والے عملے کا ڈیوٹی روسٹر بھی جاری کیا جائے گا تاکہ کسی بھی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ عیدگاہوں اور مساجد کی خصوصی صفائی کو یقینی بنایا جائے جبکہ پارکوں اور عوامی تفریحی مقامات پر لگے جھولوں کی باقاعدہ انسپکشن کی جائے۔ سول ڈیفنس جھولوں کی سویپنگ کے ساتھ ان کے فٹنس سرٹیفکیٹس بھی چیک کرے گا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آخری عشرہ رمضان میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہرگز اضافہ نہیں ہونے دیا جائے گا اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بازاروں میں اشیاء کی قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے کیلئے متحرک رہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عید کے موقع پر کرایوں کی مد میں لوٹ مار برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ آر ٹی اے سٹاف سڑکوں پر موجود ہو گا اور زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔محمد اشرف نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ عوامی سہولت کیلئے کنٹرول رومز فعال رکھے جائیں جبکہ لائیو سٹاک افسران تازہ گوشت کی فراہمی یقینی بنائیں۔ انہوں نے سرکاری دفاتر کی صفائی اور وائٹ واش مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام محکمے باہمی رابطے مضبوط رکھیں۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز محمد طیب، لیاقت علی گیلانی، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔











