وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت ڈاکٹر احمد بن محمد السید کے درمیان ورچوئل ملاقات

11

اسلام آباد، 12مارچ(اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت ڈاکٹر احمد بن محمد السید کے درمیان ورچوئل ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور قطر کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے اور فوڈ سکیورٹی پارٹنرشپ کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں وزراء نے دوطرفہ تجارت کے فروغ، کاروباری برادری کے درمیان روابط بڑھانے اور برآمدات کے نئے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ قطری وزیر نے پاکستان سے چاول اور دیگر غذائی مصنوعات کی درآمد میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ پاکستانی برآمد کنندگان کو قطری مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں اور براہِ راست روابط کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور برآمدات کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔

گفتگو کے دوران انفراسٹرکچر، لاجسٹکس اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع اور کراچی پورٹ کے توسیعی منصوبے سمیت مختلف اقتصادی منصوبوں میں تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک نے مشترکہ ٹاسک فورس کو فعال بنانے اور اقتصادی تعاون کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا جبکہ رمضان المبارک کے بابرکت ایام کے موقع پر نیک تمناؤں کا بھی تبادلہ کیا گیا۔