وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت پرائم منسٹر رمضان ریلیف پیکج 2026 کے حوالے سے جائزہ اجلاس

10

اسلام آباد، 18 مارچ ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت پرائم منسٹر رمضان ریلیف پیکج 2026 کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔

اس موقع پر وزیراعظم نے رمضان پیکج، 2026 کے تحت مستحقین کو رقوم کی شفاف طریقے سے فراہمی پر تمام متعلقہ اداروں کو شاندار خراج تحسین  پیش کیا ۔

وزیراعظم نے کہا کہ سوشل پروٹیکشن والٹس پاکستان میں فنانشل ٹیکنالوجیز اور شفافیت کے حوالے سے ایک انتہائی اہم سنگ میل اور کامیاب اقدام ہے ، انہوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی تمام ادائیگیاں سوشل پروٹیکشن والٹس کے ذریعے یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی ایم رمضان ریلیف پیکج 2026 کے تحت اب تک 1,955,620 ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز کی جا چکی ہیں۔

پی ایم رمضان ریلیف پیکج 2026 کے حوالےسے ایک بھرپور آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے ؛ پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر باضابطہ آگہی پیغامات کی وجہ سے مستحقین کو پیکج  کے بارے تمام تر معلومات بہم پہنچائیں گئیں ۔ 9999 ہیلپ لائین پر صارفین کی جانب سے 1.7 ملین  کالز موصول ہوئیں جبکہ اس پروگرام کے بارے  2.7 ملین ایس ایم ایس بھیجے گئے  ، بریفنگ  میں مزید بتایا گیا کہ پی ایم رمضان ریلیف پیکج 2026 کے تحت سوشل پروٹیکشن والٹس    ملک میں ڈیجیٹل نظام میں صنفی تقسیم کم کرنے میں انتہائی کارگر ثابت ہوا ۔ پرائم منسٹر رمضان پیکج، 2026 کے تحت 89 فیصد مستحق افراد کو ادائیگیاں کر دی گئیں۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی ، چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔