اسلام آباد،19مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے عوام سے پٹرول اور ڈیزل کی بچت کے اقدامات کو اپنانے کی اپیل کرتے ہوئے صوبوں کے ساتھ مل کر ایک جامع لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔ جمعرات کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت خطے کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کے نفاذ کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد ہوا جس میں آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر لیفٹننٹ جنرل محمد عاصم ملک ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو ملک میں موجودہ ذخائر، کھپت اور کارگوز پر بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے پٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے اور مزید بھی انتظام کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم کے بر وقت عملی اقدامات اور ہدایات جاری کرنے سے ایندھن کے ذخائر کے حوالے سے انتظامات کیے جا سکے۔ بریفنگ کے مطابق مشرق وسطی اور خطے کی غیر مستحکم صورتحال کے پیش نظر جس کی وجہ سے ایندھن کی ترسیل شدید متاثر ہو سکتی ہے، سے نمٹنے کے لیے آئندہ دنوں میں بچت کے مزید اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ وزیر اعظم نے اجلاس میں ہدایت کی کہ صوبوں کے ساتھ مل کر ایک جامع لائحہ عمل مرتب کیا جائے تاکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ اجلاس کو کفایت شعاری اور بچت کے اقدامات پر عملدرآمد کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بچت اور کفایت شعاری کی پالیسی اپنانے کے نتیجے میں عوام کو ریلیف مہیا کرنا ممکن ہوا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیر اعظم کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انٹیلیجنس بیورو کی جانب سے نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔ وزیر اعظم نے زور دیا کہ اشرافیہ آگے بڑھ کر ایثار اور قربانی کے جذبے کو اپناتے ہوئے بچت اور کفایت شعاری کی مثال قائم کرے۔ اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ کے مطابق حکومت نے عوام سے پٹرول اور ڈیزل کی بچت کے اقدامات کو اپنانے کی بھی اپیل کی تاکہ آئندہ دنوں میں پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی متاثر ہونے کے خطرے سے بچا جا سکے۔ اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنا ہو گا اور بدلتے حالات کے مطابق طرز عمل اپنانا ہو گا۔ اعلامیہ میں پٹرول بچانے کیلئے کار پولنگ اپنانے پر زور دیا گیا تاکہ نقل و حرکت اجتماعی طور پر کرنے سے بچت ہوسکے ۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کیا جائے اور تیل بچانے کے لیے آمد و رفت کو محدود رکھا جائے۔ وزیر اعظم نے حالات کی بہتری تک تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی اقدامات کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں دی گئی بریفنگ کے مطابق تمام صورتحال کی نگرانی کی جارہی ہے اور پٹرولیم مصنوعات کا ریکارڈ رکھا جارہا ہے تاکہ کسی قسم کی بے قاعدگی کی فوری نشاندہی ہوسکے اور سد باب کے لیے اقدامات اٹھائے جا سکیں۔











