اوکاڑہ میں یومِ پاکستان کی شایانِ شان تقریبات، پرچم کشائی اور ملی جوش و جذبہ نمایاں

21

اوکاڑہ، 23 مارچ (اے پی پی): یومِ پاکستان کے موقع پر ضلع بھر میں شایانِ شان تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں سرکاری و نجی اداروں تعلیمی اداروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مرکزی تقریب ڈپٹی کمشنر آفس کے لان میں منعقد ہوئی جہاں قومی پرچم کشائی کی پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ نے پرچم لہرایا جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ اس موقع پر غبارے فضا میں چھوڑے گئے اور کبوتروں کو بھی آزاد کیا گیا۔

تقریب میں ممبر قومی اسمبلی ریاض الحق جج ممبر صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر تاجر برادری وکلا برادری اور سیاسی سماجی و مذہبی تنظیموں کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔ اس کے علاوہ مختلف محکموں کے افسران اساتذہ طلبہ اور سول سوسائٹی کے نمائندگان سمیت شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

تقریب کے دوران ملی نغمے پیش کیے گئے جبکہ طلبہ نے تقاریر کے ذریعے 23 مارچ 1940 کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کیا۔

مقررین نے کہا کہ یومِ پاکستان ہمیں اتحاد ایمان اور تنظیم کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کا درس دیتا ہے اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ پاکستان عظیم قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہوا اور ہمیں اس کی قدر کرتے ہوئے ملکی استحکام اور ترقی کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھانی چاہئیں۔

تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔