وزیرِ اعلیٰ سندھ کا یومِ پاکستان پر قائداعظم کو خراجِ عقیدت پیش

11

کراچی، 23 مارچ (اے پی پی):وزیرِ اعلی ٰسندھ سید مراد علی شاہ نے یومِ پاکستان کے موقع پر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے مزارِ قائد کا دورہ کیا۔پیر کو مزار قائد آمد پر وزیراعلیٰ سندھ کا ان کے کابینہ اراکین، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس اور کمشنر کراچی نے پرتپاک استقبال کیا۔ گورنر سندھ نہال ہاشمی بھی مزار پرپہنچے جہاں وزیرِ اعلیٰ سندھ نے ان کا خیرمقدم کیا۔ دونوں رہنماؤں نے بانی قوم کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی ٰسندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ 23مارچ کے تاریخی دن پر قائداعظم کو خراجِ عقیدت پیش کرنے آئے ہیں، آج کے دن 86سال قبل لاہور میں قراردادِ پاکستان منظور کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ تحریکِ پاکستان میں سندھ نے نمایاں کردار ادا کیا اور سندھ اسمبلی نے سب سے پہلے قراردادِ لاہور کے فورا بعد پاکستان کے قیام کی حمایت میں قرارداد منظور کی، جس کے باعث پاکستان کے قیام کی بنیاد رکھی گئی۔ وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان، جو 14اگست 1947کو معرضِ وجود میں آیا، قیام کے بعد سے کئی چیلنجز کا سامنا کرتا رہا ہے لیکن اس کے باوجود استقامت کے ساتھ آگے بڑھتا رہا۔ قومی رہنماؤں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنایا اور ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی جبکہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے میزائل پروگرام کے ذریعے ملک کی دفاعی صلاحیت میں مزید اضافہ کیا۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آج پاکستان صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں مضبوطی سے کھڑا ہے جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج مکمل طور پر چوکس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے بھی نہیں دیکھ سکتا۔وزیرِ اعلیٰ سندھ نے زور دیا کہ پاکستان کو قائداعظم کے اصولوں؛ اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ہمیں متحد رہنا ہوگا اور اختلافات سے بالاتر ہو کر پاکستان کا دفاع کرنا ہوگا۔سید مراد علی شاہ نے علاقائی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایران کے خلاف جارحیت کی مذمت کی اور افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف پاک فوج کی کارروائیوں کو سراہا۔ وزیراعلی ٰسندھ نے عالمی امور پر پاکستان کے موقف کو دہراتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم اور فلسطین میں اسرائیلی تشدد کی مذمت کی اور مسلم دنیا میں امن کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کسی کے مفاد میں نہیں، ہمیں امن کے لیے دعا اور مسلم رہنماؤں کو کشیدگی کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔سید مراد علی شاہ نے سندھ کے لیے ترقیاتی منصوبوں اور فنڈز کی فراہمی پر وزیرِ اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔سید مراد علی شاہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت صوبے کے آئینی حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی اور قومی مفاد میں فیصلے کرے گی، تاہم سندھ کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعلی ٰسندھ نے کہا کہ اگر پاکستانی قوم نے قائداعظم کے اصولِ اتحاد پر عمل نہ کیا تو اس سے پاکستان کو نقصان پہنچے گا، اس لیے ہمیں اس بنیادی اصول پر عمل کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کو قائداعظم کے نظریے اور وژن سے آگاہ کرنا ضروری ہے تاکہ پاکستان معاشی اور سماجی استحکام کی جانب بڑھ سکے۔ قبل ازاں سید مراد علی شاہ نے مزارِ قائد پر مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے اور آخر میں قوم کو یومِ پاکستان کی مبارکباد پیش کی۔