محسن نقوی کی جانب سے پی ایس ایل 11 کے کھلاڑیوں اور ٹیموں کے اعزاز میں پروقار تقریب کا انعقاد

14

لاہور، 24 مارچ (اے پی پی): چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی جانب سے پی ایس ایل 11 کی ٹیموں اور ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی  وزراء محمد اورنگزیب، سالک حسین، علی پرویز ملک، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر شافع حسین، طلحہ برکی، اٹارنی جنرل منصور اعوان اور سابق وفاقی وزیر گوہر اعجاز سمیت فرنچائز مالکان، قومی و بین الاقوامی کھلاڑیوں اور کوچز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کے دوران پی ایس ایل 11 کی ٹرافی کی رونمائی اور آفیشل ترانہ بھی لانچ کیا گیا۔

 شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل ایک ٹاپ انٹرنیشنل برانڈ بن چکا ہے جسے مزید آگے لے کر جائیں گے، تاہم خطے کی موجودہ صورتحال اور قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ایس ایل 11 کے فارمیٹ کو محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 انہوں نے اس فیصلے پر شائقین کرکٹ سے معذرت کرتے ہوئے واضح کیا کہ ملک و قوم کا وسیع تر مفاد سب سے مقدم ہوتا ہے اور انہیں یقین ہے کہ آج کی یہ قربانی مستقبل میں کرکٹ کے لیے بڑی آسانیاں پیدا کرے گی۔ تقریب میں موجود غیر ملکی کھلاڑیوں سکندر رضا، روی بوپارہ، تبریز شمسی، ٹم پین، جوش، مائیک سمتھ، برینڈن ولسن اور سڈلا سمیت دیگر مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور کرکٹ کی بہتری کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔