اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد ڈاکٹر ثناء رام چند کی غیر قانونی اور نان کسٹم پیڈ سگریٹس کی فروخت کے خلاف کارروائی

14

ملتان، 24 مارچ (اے پی پی ): اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد ڈاکٹر ثناء رام چند نے راجہ رام گاؤں میں غیر قانونی اور نان کسٹم پیڈ سگریٹس کی فروخت کے خلاف کارروائی کی۔ مختلف دکانوں کی چیکنگ کے دوران بڑی مقدار میں درآمد شدہ اور نان کسٹم پیڈ سگریٹس برآمد کر کے ضبط کر لیے گئے۔

کارروائی کے دوران دکانداروں کو سختی سے تنبیہ کی گئی کہ وہ غیر قانونی اشیاء کی خرید و فروخت سے گریز کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر ثناء رام چند نے کہا کہ غیر قانونی کاروبار کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ حکومتی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔مزید برآں، شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر قانونی سرگرمیوں کی نشاندہی میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔