اسلام آباد،25مارچ (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے انہیں خلیج کی صورتحال کے تناظر میں پاکستان کی عالمی امن کے لئے کی جانے والی سفارتی کوششوں سےآگاہ کیا۔
وزیراعظم اور بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے سیاسی اور ملکی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے جنگ کے تناظر میں پاکستان کو درپیش ممکنہ مسائل سے نبرد آزما ہونے کے لئے وفاقی حکومت کی پالیسی کی تعریف کی۔ وزیراعظم اور بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کی جانب سے صوبہ سندھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ بھی لیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم کی مشکل حالات میں وفاقی حکومت کی پالیسی کی صحیح سمت متعین کرنے کی حکمت عملی اور اقدامات کی تعریف کی۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے شرکت کی۔











