فیصل آباد، مارچ 25 (اے پی پی): سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما عابد شیر علی نے کہا ہے کہ ملک میں انتشار پھیلانے کا ایجنڈا رکھنے والے عناصر کو اب کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا بلکہ حکومت ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔
آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت عالمی سطح پر ایک مثبت کردار ادا کر رہا ہے اوردنیا ایران کے معاملے پر بھی پاکستان کے کردار کو سراہ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سفارتی کامیابی کا کریڈٹ ملک کی عسکری و سیاسی قیادت کو جاتا ہے جنہوں نے پاکستان کو ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر پیش کیا۔
عابد شیر علی نے کہا کہ ایک وقت تھا جب پاکستان کو دہشت گردی سے جوڑا جاتا تھا مگر آج پاکستان کو ایک ثالث کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جو ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مکہ و مدینہ کا محافظ ہے اور اس کے خلاف بات کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کچھ عناصر ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں اور بھارتی ایجنٹس کے ساتھ روابط رکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک بھارتی ایجنٹ عارف ایجاکیا سے ملاقاتیں کی گئیں جو پاکستان کے خلاف لابنگ کرتا رہا ہے اور یہ ملاقاتیں زلفی بخاری کے ذریعے کروائی گئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بعض یوٹیوبرز اور افراد سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف زہر اگل رہے ہیں جو ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیاسی مخالفین کا مقابلہ سیاست کے میدان میں کیا جائے گا، تاہم ریاستی دشمنوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔
عابد شیر علی نے کہا کہ پاکستان آج ایک مستحکم منزل کی جانب گامزن ہے اور اس میں موجودہ سیاسی اور عسکری قیادت کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ جو پہلے اہم عہدوں پر فائز رہے، آج مسلح افواج کے خلاف باتیں کر رہے ہیں جو افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آ چکا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے کیونکہ پانی سر سے گزر چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ عناصر جو ملک کے خلاف بیانیہ تشکیل دے رہے ہیں، اب عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔
انہوں نے خیبر پختونخوا حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت صوبے کو اربوں روپے فراہم کیے گئے مگر اس کے باوجود وہاں کی قیادت کی کارکردگی سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کسی احتجاج کا اعلان کرتے ہیں تو حکومت اس کا مناسب اور مؤثر جواب دے گی۔ عابد شیر علی نے کہا کہ ملک کے مفاد کے خلاف کسی بھی سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔











