وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ سے بی آئی ایس پی سیکرٹری کی ملاقات

12

اسلام ٓباد، 25مارچ(اے پی پی): وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ، سید عمران احمد شاہ سے سیکرٹری بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے ملاقات کی، جس میں جاری فلاحی اقدامات اور رمضان ریلیف پیکیج پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

ملاقات کے دوران بتایا گیا کہ رمضان ریلیف پیکیج کے تحت مقررہ اہداف کے حصول میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ وفاقی وزیر نے اس سلسلے میں متعلقہ ادارے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ریلیف اقدامات کی مؤثر تکمیل حکومت کے عوامی فلاح کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

بعد ازاں پاکستان پاورٹی ایلیوی ایشن فنڈ (پی پی اے ایف) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نادر گل بڑیچ نے بھی وفاقی وزیر سے ملاقات کی، جس میں فلاحی پروگرامز کی پیش رفت اور شفافیت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر پی پی اے ایف کے جاری منصوبوں کے جائزہ اور بہتری کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے آئندہ دنوں میں مختلف اداروں کے دوروں کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمات کے جائزہ کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جائے گا تاکہ جاری منصوبوں کی پیش رفت کا قریب سے جائزہ لیا جا سکے۔