مشرقِ وسطیٰ صورتحال: پاکستانی سفارتی کامیابیاں عالمی سطح پر تسلیم، بھارت شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے ، وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ

16

اسلام آباد، 26 مارچ ( اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال میں پاکستان کا کلیدی کردار اور سفارتی کوششیں عالمی سطح پر تسلیم کی جا رہی ہیں، جس سے پڑوسی ملک بھارت شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے، تاہم ملک کے خلاف کسی بھی قسم کا پروپیگنڈا یا تضحیک برداشت نہیں کی جائے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے  جنیوا اجلاس میں پاکستان کی غیر معمولی پذیرائی کا ذکر کرتے ہوئے واضح کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سفارتی محاذ پر ملک کا لوہا منوایا ہے جس سے عالمی سطح پر پاکستان ایک موثر آواز بن کر ابھرا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی مخالفت اپنی جگہ لیکن کوئی بھی لیڈر یا جماعت ملک سے مقدم نہیں ہو سکتی، لہٰذا شخصیت پرستی اور انا کی خاطر قومی وقار کو داؤ پر لگانا ناقابل قبول ہے کیونکہ ہم سب اس ریاست کے مرہون منت ہیں اور ملک کی سالمیت کے لیے ‘پاکستان کھپے’ جیسے نعرے ہی ہماری بنیاد ہیں۔