ملتان 26مارچ(اے پی پی): کمشنر عامر کریم خاں کی زیر صدارت ای-اسٹامپ پیپر اور ایف بی آر ڈیٹا کے موثر انضمام کے حوالے سے ویڈیو لنک کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ پراپرٹی کی منتقلی کے لیے رجسٹریشن کے وقت صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے تمام ٹیکسز کو ای-اسٹامپ پیپر کے ذریعے یکجا وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایف بی آر کے ٹیکس کو بھی ای-اسٹامپ پیپر کے ذریعے وصول کرنے کے لیے اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس جدید نظام کے نفاذ کے بعد ایف بی آر ٹیکسز کی وصولی میں ہونے والی اربوں روپے کی کرپشن کے خاتمے میں مدد ملے گی، جبکہ علیحدہ علیحدہ ٹیکس ادائیگی کے پیچیدہ نظام کو ختم کرنے سے شفافیت میں اضافہ ہوگا اور بدعنوانی کے امکانات کم ہوں گے۔
کمشنر نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز ملتان سے کیا جائے گا، جس کے بعد اسے مرحلہ وار پنجاب بھر میں توسیع دی جائے گی۔انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ڈیجیٹل انضمام سے جہاں شفافیت بڑھے گی، وہیں ٹیکنالوجی کے فوائد کے ساتھ ممکنہ خامیوں کا فوری ازالہ بھی ناگزیر ہے تاکہ نظام کو موثر اور قابلِ اعتماد بنایا جا سکے ۔











