گلگت، 29 مارچ ( اے پی پی): گلگت بلتستان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر گلگت بلتستان نگران حکومت کا کیبنٹ اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس (ر) یار محمد نے شرکت کی۔
کیبنٹ میٹنگ کے دوران خطے میں حالیہ پیش آنے والے واقعات، امن و امان کی صورتحال اور اس کے تدارک پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی جانب سے موجودہ حالات کے تناظر میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں سکیورٹی صورتحال، عوامی ردعمل اور متاثرہ علاقوں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ موجودہ حالات میں تاخیر سے پہنچنے پر انہیں افسوس ہے، تاہم وہ خود زمینی حقائق کا جائزہ لینے اور عوام کے مسائل کو قریب سے سمجھنے کے لیے گلگت بلتستان آئے ہیں۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ اس گھناؤنے فعل میں ملوث عناصر کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔ انہوں نے کابینہ کے ارکان پر زور دیا کہ وہ بھی ملوث افراد کو سزا دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے وفاقی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جائے گا۔اجلاس کے دوران کابینہ اراکین نے گلگت بلتستان کو درپیش مختلف مسائل، خصوصاً امن و امان، بنیادی سہولیات اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق امور پر وفاقی وزیر کو تفصیل سے آگاہ کیا۔
انجینئر امیر مقام نے یقین دلایا کہ ان مسائل کے حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے اور وفاقی سطح پر ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ حالیہ واقعات میں ہونے والے مالی نقصانات کے ازالے، متاثرہ املاک کی بحالی اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوری اور مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے۔ مزید برآں، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع، سیاحت کے فروغ اور خطے میں پائیدار ترقی کے منصوبوں کو ترجیح دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔اجلاس کے اختتام پر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن، باہمی احترام اور تعاون کی پالیسی پر کاربند رہا ہے اور آئندہ بھی اسی پالیسی کو جاری رکھا جائے گا۔











