اسلام آباد،28 مارچ ( اے پی پی): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی ہدایت پر پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ارتھ آور 2026 کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد ماحولیاتی پائیداری کے عزم کا اعادہ کرنا تھا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس میں توانائی کے تحفظ کے اقدامات سختی سے نافذ ہیں، جبکہ عالمی ارتھ آور مہم کے تحت عمارت کی غیر ضروری روشنیاں رات 8:30 سے 9:30 بجے تک بند کی گئیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ارتھ آور محض ایک گھنٹے کی علامت نہیں بلکہ زمین کے تحفظ کے لیے اجتماعی عزم کا اظہار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے انفرادی اقدامات اجتماعی سطح پر بڑے اور پائیدار اثرات پیدا کرتے ہیں۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی کے باعث مختلف چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے اور ان سے نمٹنے کے لیے جامع پالیسی سازی اور مؤثر عملدرآمد ناگزیر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بروقت اقدامات سے آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ اور مستحکم مستقبل یقینی بنایا جا سکتا ہے، جبکہ فضائی آلودگی میں کمی اور مضر گیسوں کے اخراج کو کم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی کے مطابق قدرتی وسائل کا پائیدار استعمال اور ماحول دوست رویوں کا فروغ ناگزیر ہے، اور ماحولیاتی تحفظ معاشرے کے تمام طبقات کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے عوام پر زور دیا کہ روزمرہ زندگی میں ماحول دوست طرزِ عمل اپنایا جائے تاکہ ایک سبز، صاف اور خوشحال پاکستان کا خواب حقیقت بن سکے۔
انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ ارتھ آور کو صرف علامتی اقدام نہ سمجھا جائے بلکہ اسے مستقل ذمہ داری کے طور پر اپنایا جائے، مزید برآں انہوں نے ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ کی ماحولیاتی آگاہی مہم کو بھی سراہا۔











