پاکستان اور مصر کا مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی،  بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے تنازعات حل کرنے کی ضرورت پر زور

77

اسلام آباد،29مارچ  (اے پی پی):پاکستان اور مصر نے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی، صبر و تحمل اختیار کرنے اور تنازعات بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

 نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے عرب جمہوریہ مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی نے یہاں ملاقات کی۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے مصری وزیر خارجہ کو گرمجوشی سے خوش آمدید کہا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان مصر کے ساتھ اپنے طویل مدتی اور برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، جو مشترکہ تاریخ، مشترکہ مذہب اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر یکساں خیالات پر مبنی ہیں۔دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور حالیہ اعلیٰ سطحی تبادلوں بشمول نومبر 2025 میں مصری وزیر خارجہ کے پاکستان کے دورے  کے ذریعے پیدا ہونے والی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مشترکہ وزارتی کمیشن سمیت باہمی طریقہ کار کو فعال کرنے کی اہمیت پر اتفاق کیا، انہوں نےکاروباری سطح پر روابط کو فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

نائب وزیراعظم ووزیر خارجہ نے ہیپاٹائٹس سی کی روک تھام جیسے اقدامات سمیت صحت کے شعبے میں مصر کے مسلسل تعاون کی تعریف کی اور اس شعبے میں جاری تعاون کا خیرمقدم کیا۔دونوں فریقین نے دفاع اور سکیورٹی تعاون کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا اور تربیتی تبادلوں اور دیگر ادارہ جاتی میکانزمز کے ذریعے تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔انہوں  نے علاقائی اور بین الاقوامی حالات، خصوصاً مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے فلسطینی عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی قابض افواج کی جاری جارحیت کی سخت مذمت کی۔انہوں نےپاکستان کی ریلیف کوششوں کے لیے تعاون سمیت  غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی میں مصر کے کردار کی تعریف کی۔انہوں نے اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت کثیرالجہتی فورمز پر قریبی رابطے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ملاقات میں پاکستان اور مصر کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کو دہرایا گیا ۔مصری وزیر خارجہ کا پاکستان کا دورہ 19 مارچ کو ریاض میں ہونے والی بات چیت اور حالیہ اعلیٰ سطحی رابطوں کے تسلسل کا حصہ ہے اور اس سے خطے میں بدلتے ہوئے حالات پر پاکستان اور مصر کے درمیان قریبی ہم آہنگی کی عکاسی ہوتی ہے۔