اسلام آباد،31 مارچ (اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔ چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر نے وزیر داخلہ کو ادارے کی کارکردگی اور جاری و آئندہ منصوبوں بارے بریفنگ دی۔
محسن نقوی نے نادرا کی کارکردگی اور موثر عوامی خدمات کو سراہا اور غیر قانونی غیر ملکیوں کے انخلا میں نادرا قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مکمل معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے غیر قانونی طور پر پاکستانی شہریت حاصل کرنے والوں کی فوری شناخت یقینی بنا کر نیشنل ڈیٹا بیس سے نکالنے کی ہدایت بھی دی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ گزشتہ دو برس میں نادرا کی خدمات میں نمایاں بہتری آئی ہے اور عوامی سہولت کیلئے مزید جدید خدمات متعارف کرانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بڑے شہروں میں نادرا کے سٹیٹ آف دی آرٹ دفاتر کرائے کی عمارتوں کی بجائے اپنی جگہ خرید کر بنانے کی ہدایت بھی دی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ نادرا کی جانب سے لاکھوں فوت شدہ افراد کے شناختی کارڈ منسوخ کئے گئے ہیں اور شناختی کارڈ کے متعلق مسائل کے حل کیلئے 30 دن کی مدت مقرر کی گئی ہے۔ پی ٹی اے کے تعاون سے فوت شدہ افراد کے نام پر جاری شدہ موبائل سمز کو بلاک کیا جا رہا ہے ۔











