اس سال پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے، چینی سفیر

10

اسلام آباد، 31 مارچ (اے پی پی ): پاکستان میں چین کے سفیر نے کہا کہ اس سال پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ چینی سفیر نے موجودہ صورتحال میں پاکستانی قیادت کے اقدامات کو سراہا اور دونوں ممالک کے فائدے کے لیے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا

انہوں نے منگل کو سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والے پاکستانی اور چینی عملے کے لیے منعقدہ سالانہ ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ نائب وزیر اعظم  اسحاق ڈاراس وقت چین کے دورے پر ہیں اور چینی وزیر خارجہ Wang Yi سے اہم علاقائی اور دوطرفہ امور پر بات چیت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ اعلیٰ سطحی دوروں کے نتیجے میں سی پیک منصوبوں اور وسیع تر دوطرفہ تعاون کے حوالے سے معاہدے ہوئے ہیں۔

اس سے قبل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات، احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں جدت، صنعتی ترقی اور عوامی رابطوں پر توجہ دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سی پیک فیز ٹو میں گروتھ کوریڈورز، انوویشن کوریڈورز، روزگار کوریڈورز اور علاقائی ترقی کے اقدامات شامل ہوں گے جبکہ یہ سالانہ ایوارڈ تقریب محض انعامات کی تقسیم نہیں بلکہ ان کی خدمت اور لگن کے جذبے کا اعتراف ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے پاکستانی اور چینی ماہرین، خصوصاً انجینئرز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور انہیں سی پیک منصوبوں کے حقیقی معمار قرار دیا جنہوں نے ان منصوبوں کی تکمیل کے لیے دن رات محنت کی۔