اسلام آباد، 31 مارچ (اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات، احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں جدت، صنعتی ترقی اور عوامی رابطوں پر توجہ دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سی پیک فیز ٹو میں گروتھ کوریڈورز، انوویشن کوریڈورز، روزگار کوریڈورز اور علاقائی ترقی کے اقدامات شامل ہوں گے۔
انہوں نے منگل کو سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والے پاکستانی اور چینی عملے کے لیے منعقدہ سالانہ ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سالانہ ایوارڈ تقریب محض انعامات کی تقسیم نہیں بلکہ ان کی خدمت اور لگن کے جذبے کا اعتراف ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے پاکستانی اور چینی ماہرین، خصوصاً انجینئرز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور انہیں سی پیک منصوبوں کے حقیقی معمار قرار دیا جنہوں نے ان منصوبوں کی تکمیل کے لیے دن رات محنت کی۔
انسانی وسائل کی ترقی پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین میں زیرِ تعلیم پاکستانی طلبہ کو وطن واپس آ کر قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ چین-پاکستان نالج کوریڈور کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی ہے جس کا مقصد نوجوان نسل کو معیاری اعلیٰ تعلیم تک رسائی فراہم کرنا ہے۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو بہت اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دہائی کے دوران سی پیک نے پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
وزیر نے کہا کہ اس تقریب میں طے پانے والے معاہدے جاری ترقیاتی منصوبوں کو نئی رفتار دیں گے اور پاکستان-چین شراکت داری کو مزید مضبوط کریں گے۔











