فیصل آباد، یکم اپریل ( اے پی پی ):مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت فیصل آباد کے پارکوں میں کتب دوستی کو فروغ دینے کیلئے عملی اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔ اسی سلسلے میں ڈی گراؤنڈ پارک میں ایک جدید طرز کی سٹیٹ آف دی آرٹ پبلک لائبریری شہریوں کیلئے کھول دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر نے ڈی گراؤنڈ پارک کا دورہ کیا اور لائبریری کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی عادل عمر اور ایم ڈی پی ایچ اے دلاور خان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے اعلان کیا کہ شہر کے دیگر پارکوں میں بھی اسی طرز کی لائبریریاں قائم کی جائیں گی تاکہ شہریوں کو مزید تعلیمی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
نئی قائم ہونے والی ای لائبریری شہریوں کو جدید تحقیقاتی سہولیات فراہم کرے گی، جہاں ڈیجیٹل اور روایتی (مینوئل) دونوں طرز کی علمی سہولتیں دستیاب ہوں گی۔ لائبریری میں انٹرنیٹ، آئی پیڈ اور کمپیوٹرز کے ذریعے مطالعہ اور ریسرچ کی مکمل سہولت فراہم کی گئی ہے۔
تفریحی سہولیات سے مزین پارک میں لائبریری کا قیام ایک گرانقدر اضافہ قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ ای لائبریری نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔شہریوں اور کتاب دوست افراد نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا ہے۔











