نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بڑھانے کے اقدامات پر وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس

8

اسلام آباد، یکم اپریل (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نوجوانوں کے لیے ملازمت کے مواقع بڑھانے کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعظم نے رانا مشہود احمد خان کی سربراہی میں پی ایم یوتھ پروگرام کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان ہماری قوم کا مستقبل ہیں اور انہیں پیشہ ورانہ مہارت فراہم کرنے اور افرادی قوت میں شامل کرنے کے لیے حکومت متعدد اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہم عصر تقاضوں کے مطابق نوجوانوں کو تکنیکی و فنی تربیت فراہم کرنے کے اقدامات میں تیزی لائی جائے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن میں حالیہ اصلاحات کے بعد نوجوانوں کو تکنیکی تربیت کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئی ہے جبکہ نیووٹک کے تحت شروع کیے گئے جامع تربیتی پروگرام کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر زیادہ مانگ والے ہنر کے حوالے سے نوجوانوں کو عالمی معیار کی سرٹیفیکیشن کے ساتھ فنی و تکنیکی تربیت فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو بیرون ملک اور قومی سطح پر نوجوانوں کے لیے ملازمت کے مواقع پیدا کرنے کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام اور وزارت خارجہ عالمی سطح پر روزگار کے متعدد مواقع کی نشاندہی کر چکے ہیں اور مزید مواقع تلاش کرنے پر کام جاری ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی ایم یوتھ ہب قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملازمت کے مواقع کی معلومات کا مرکزی پلیٹ فارم بن چکا ہے جبکہ بیرونی ممالک میں آئی ٹی، صحت، تعمیرات، سیاحت، لاجسٹکس اور دیگر شعبوں میں روزگار کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

اجلاس کو مزید آگاہ کیا گیا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان 282 جامعات سے فارغ التحصیل طلبہ کی ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے روزگار کے حوالے سے ٹریکنگ کر رہا ہے جس کے ذریعے ملازمت حاصل کرنے والے طلبہ کا ریکارڈ مرتب کیا جا رہا ہے اور یہ ڈیٹا مستقبل میں تعلیمی پالیسی سازی میں معاون ثابت ہوگا۔

بریفنگ کے مطابق تکنیکی تربیت کے فروغ کے لیے وفاقی وزارت تعلیم کے زیر انتظام 32 تعلیمی اداروں میں میٹرک ٹیک متعارف کرایا گیا ہے جبکہ اسی طرز پر انٹر ٹیک بھی جلد متعارف کرایا جائے گا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء ڈاکٹر مصدق مسعود ملک احد خان چیمہ محمد اورنگزیب عطاء اللہ تارڑ چوہدری سالک حسین ڈاکٹر احسن اقبال شزا فاطمہ خواجہ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان چیئرمین ایچ ای سی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔