اسلام آباد: 2 اپریل ( اے پی پی): وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیر صدارت پاکستان ریلوے میں زیر مرمت کوچز اور آپریشنل امور سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ریلوے کی کارکردگی، آمدن اور دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال پر تفصیلی غور کیا گیا۔
وزیر ریلوے نے ہدایت جاری کی کہ تمام زیر مرمت کوچز کو جلد از جلد مکمل کر کے فیلڈ میں لایا جائے تاکہ مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں اور ٹرین آپریشنز میں تسلسل یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس میں پاکستان ریلوے کے مغل پورہ ورکشاپ میں زیر مرمت کوچز کی فوری بحالی اور انہیں آپریشنل استعمال میں لانے کے لیے عملی اقدامات تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے آپریشنز کو مزید بہتر بنانے اور سروس ڈیلیوری میں بہتری لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کوچز اور ویگنز کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر ختم کر کے پاکستان ریلوے کو ایک بہترین اور قابلِ اعتماد سروس میں تبدیل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس وقت 200 سے زائد کوچز مختلف وجوہات کی بنا پر ہیلڈ اپ ہیں، جس پر وزیر ریلوے نے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے ان کی جلد بحالی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ مزید برآں، مسافر اور فریٹ ٹرینوں کی آمدن سے متعلق وزیر ریلوے کو تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ رواں مالی سال کے دوران ریلوے آمدن میں مزید اضافے کا ہدف بھی مقرر کیا گیا۔
محمد حنیف عباسی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ریلوے کو ایک منافع بخش اور مؤثر ادارہ بنانے کے لیے عملی اقدامات مزید تیز کیے جائیں گے اور ادارے کی مجموعی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔











