عوام کو ریلیف کی فراہمی اولین ترجیح ہے ، وزیراعظم شہباز شریف

14

 لاہور،4اپریل  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل میں عوام کو تنہا  نہیں چھوڑیں گے ۔

وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت خطے میں حالیہ کشیدگی کے دوران ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر اور حکومت کی جانب سے عوامی ریلیف کے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہفتہ کو یہاں منعقد ہوا۔

 اجلاس میں وزیرِ اعظم کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومتی اقدامات کے نفاذ پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

 وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی اعلان کردہ ریلیف کی رقم پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں کے مالکان کو ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے منتقل کرنے کے عمل کا آغاز کر دیا گیا ہے۔  وزیرِ اعظم نے کہا کہ ایک موثر اور شفاف نظام کے تحت پبلک ٹرانسپورٹ کے طور پر چلنے والی بسوں ، ویگنوں اور مال بردار ٹرکوں و گاڑیوں کو سبسڈی کی ڈیجیٹل منتقلی شروع کر دی گئی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ معاشی طور پر کمزور طبقے کو ریلیف کی فراہمی کا عمل جلد سے جلد ممکن بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت کفایت شعاری و سادگی کے اقدامات کے ذریعے رقم بچا کر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے خرچ کرے گی۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر حکومت کے عوام کو ریلیف کے اقدامات کے نفاذ پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کے مناسب ذخائر موجود ہیں۔ اجلاس میں عوامی ریلیف کے اقدامات کے نفاذ پر پیش رفت سے بھی وزیر اعظم کو آگاہ کیا گیا۔