ملتان ،05اپریل (اے پی پی ): سٹی ٹریفک پولیس ملتان کی جانب سے شہر کے مختلف رش والے مقامات پر ٹریفک مینجمنٹ کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ سی ٹی او ملتان کائنات اظہر خان کی ہدایت پر روڈ یوزرز کو درپیش مشکلات کے پیش نظر فیلڈ ڈیوٹی میں ٹریفک پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
اس حوالے سے بوسن روڈ، چونگی نمبر 9، سیداں والا بائی پاس اور خانیوال روڈ سمیت اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ رات کے اوقات میں الیکٹرک راڈز کی مدد سے ٹریفک کو مؤثر انداز میں کنٹرول کیا جا رہا ہے۔
سی ٹی او ملتان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈیوٹی پر موجود ٹریفک اہلکاروں سے رہنمائی حاصل کریں اور اپنی گاڑیاں صرف مختص پارکنگ ایریاز میں ہی پارک کریں تاکہ ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ نہ ہو۔
انہوں نے ٹریفک سٹاف کو ہدایت جاری کی کہ وہ اپنی ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر سرانجام دیں اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کریں۔ مزید برآں، رش کی صورت میں فوری اطلاع دینے کی ہدایت بھی کی گئی ہے تاکہ بروقت رسپانس فورس کو طلب کر کے ٹریفک کو کلیئر کیا جا سکے۔
رات کے اوقات میں ڈیوٹی انجام دینے والے اہلکاروں کیلئے ریفلیکٹر جیکٹس کا استعمال بھی لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔











