ملتان میں رکشہ سلنڈر دھماکہ، ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق، 14 زخمی

24

ملتان،5اپریل (اے پی پی ):ملتان مظفرگڑھ روڈ پر پل عاشق آباد کے قریب چلتے رکشے میں ایل پی جی سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق جبکہ 14 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے۔ریسکیو 1122 کے مطابق رکشہ ناگ شاہ چوک سے بہاولپور چوک کی جانب جا رہا تھا کہ اچانک سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پورے رکشے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ واقعے کے وقت رکشے میں 10 سے 15 افراد سوار تھے، جن میں زیادہ تر ایک ہی خاندان کے افراد شامل تھے جو مظفرگڑھ چوک قریشی سے ملتان آ رہے تھے۔ریسکیو ٹیموں نے اطلاع ملتے ہی فوری طور پر موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا اور زخمیوں کو باہر نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ زخمیوں کو بعد ازاں نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں 3 افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ 14 افراد شدید جھلسنے کے باعث زخمی ہوئے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں کی نگرانی میں ریسکیو آپریشن جاری رہا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔