مشکل وقت میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ، حکومت ہر ممکن ریلیف اقدامات جاری رکھے گی، وزیر اعظم محمد شہباز شریف

11

لاہور، 5  اپریل ( اے پی پی): وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور حکومت ہر ممکن ریلیف اقدامات جاری رکھے گی۔

 ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے خطے میں حالیہ کشیدگی کے دوران پیٹرولیم مصنوعات پر حکومتی سبسڈی کے نفاذ پر پیش رفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت  کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس کو سبسڈی کی فراہمی، ایندھن کے ذخائر اور کھپت سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

وزیرِ اعظم نے بتایا کہ مسافر بسوں کو ماہانہ 1 لاکھ روپے جبکہ منی بسوں اور ویگنوں کو 40 ہزار روپے سبسڈی دی جا رہی ہے تاکہ کرایوں میں اضافہ نہ ہو۔ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں استحکام کے لیے ٹرکوں کو 70 ہزار، بڑی مال بردار گاڑیوں کو 80 ہزار اور ڈیلیوری وینوں کو 35 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔

‎انہوں نے کہا کہ شفافیت یقینی بنانے کے لیے سبسڈی کی رقوم ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے منتقل کی جا رہی ہیں اور ان کی فراہمی کا آغاز گزشتہ روز سے ہو چکا ہے، حالانکہ یہ سبسڈی پیر سے دی جانی تھی۔ وزیراعظم کی ہدایت پر ہفتہ کے روز ہی اس کا اجرا کر دیا گیا۔

‎اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبائی حکومتوں نے ٹرانسپورٹ سے متعلق تفصیلات وفاق کو فراہم کر دی ہیں جبکہ بلوچستان حکومت نے قومی پیکیج کے لیے مقررہ رقم جمع کرا دی ہے، جس پر وزیرِ اعظم نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا شکریہ ادا کیا اور دیگر صوبوں سے بھی جلد رقوم جمع کرانے کی توقع ظاہر کی۔

‎وزیرِ اعظم کے مطابق گزشتہ تین ہفتوں میں 129 ارب روپے کا عوامی ریلیف پیکیج دیا گیا ہے اور پیٹرول لیوی میں فوری طور پر 80 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔ پاکستان ریلوے کی جانب سے 6 ارب روپے کی سبسڈی کے باعث ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا جا رہا جبکہ ٹول ٹیکس میں سہ ماہی 25 فیصد اضافہ بھی واپس لے لیا گیا ہے۔اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ ملک میں ایندھن کے وافر ذخائر موجود ہیں۔انٹیلیجینس بیورو کی جانب سے حکومتی کفایت شعاری اقدامات پر رپورٹ بھی پیش کی گئی۔