شجاع آباد،ا پریل (اے پی پی ):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان درست سمت پر گامزن ہے اور عالمی سطح پر ملک پر اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
وہ ہفتے کے روز شجاع آباد میں بہاول ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے وفاقی وزیر و چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا محمد قاسم نون سے ملاقات کی اور ان کے بیٹے کی شادی پر مبارکباد دی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ موجودہ ملکی و بین الاقوامی صورتحال سب کے سامنے ہے، بالخصوص خطے میں ایران اور خلیجی ممالک کی صورتحال کے تناظر میں پاکستان نے ایک متوازن اور ذمہ دارانہ پالیسی اپنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس جنگی ماحول کا حصہ نہیں بنا، جس کے باعث عالمی سطح پر اس پر اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر مذاکرات کی فضا بن رہی ہے جو پاکستان کی کامیاب خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی قیادت میں خارجہ پالیسی مؤثر انداز میں آگے بڑھ رہی ہے اور اس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان کو معاشی ترقی کا ایک نیا موقع ملا ہے، لہٰذا دنیا کے ساتھ تجارتی روابط کو فروغ دینا ہوگا۔ آئینی ترمیم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ 28ویں آئینی ترمیم ناگزیر ہے اور یہ کسی بھی وقت پیش کی جا سکتی ہے، جبکہ اس کا مسودہ اتحادی جماعتوں کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔
مہنگائی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ عالمی جنگی صورتحال کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جس کے اثرات دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی محسوس کیے جا رہے ہیں۔ تاہم وزیراعظم کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی عوام کو ریلیف دینے کی ایک کوشش ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عالمی حالات بہتر نہ ہوئے تو مہنگائی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے مل کر عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کریں۔











