کوئٹہ،06 اپریل (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے اسکول داخلہ مہم کے سلسلے میں اپنے خصوصی پیغام میں عوام، بالخصوص والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے ایسے بچوں کو فوری طور پر اسکولوں میں داخل کروائیں جو تاحال تعلیم سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان خصوصاً ضلع کوئٹہ میں تعلیمی سال 2026 کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے، تعطیلات کے بعد تمام اسکولز دوبارہ فعال ہو گئے ہیں، لہٰذا یہ بہترین وقت ہے کہ بچے تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوں۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے داخلہ مہم کے تحت 34ہزار کا ہدف مقرر کیا ہے، جس کے حصول کے لیے عوامی تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ والدین نہ صرف اپنے بچوں کو اسکولوں میں داخل کروائیں بلکہ دوسروں کو بھی اس نیک مقصد کے لیے راغب کریں۔انہوں نے مختلف طبقہ ہائے فکر، سماجی رہنماؤں اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے پلیٹ فارمز اور حلقہ احباب میں اس مہم کو فروغ دیں تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کا اسکولوں میں اندراج ممکن بنایا جا سکے۔ مہراللہ بادینی کا کہنا تھا کہ تعلیم ہی بچوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے، اور یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہر بچے کو تعلیم جیسی بنیادی سہولت فراہم کی جائے تاکہ وہ ایک بہتر اور کامیاب مستقبل کی طرف گامزن ہو سکے گئے۔











