شہر بھر میں مارکیٹیں رات 8 بجے بند کی جائیں گی جبکہ شادی ہالز کو رات 11 بجے تک بند کرنا لازمی ہوگا، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی

15

کوئٹہ 06 اپریل (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی نے کہا  ہے کہ حکومت بلوچستان کی ہدایات کے مطابق شہر بھر میں مارکیٹیں رات 8 بجے بند کی جائیں گی جبکہ شادی ہالز کو رات 11 بجے تک بند کرنا لازمی ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر میں لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کے حوثی تاجر برادری کے ہمراہ پریس کانفرنس کے موقع پر کیا ۔انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ حکومت بلوچستان کی جانب سے موجودہ حالات کے پیش نظر کیا گیا ہے، جس پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک ہے۔ڈپٹی کمشنر نے خبردار کیا کہ حکومتی فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اس موقع پر صدر مرکزی انجمن تاجران بلوچستان رحیم کاکڑ نے کہا کہ تاجروں نے حکومت کے فیصلے پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی ہے اور ملکی مفاد میں ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے یہ فیصلہ مجبوری کے تحت کیا ہے اور تاجر برادری اس مشکل وقت میں حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔اسی طرح آل بلوچستان ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن کے صدر رحیم آغا نے بھی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری حکومتی پالیسیوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے گی۔ڈپٹی کمشنر مہر اللہ بادینی نے مزید کہا کہ ایران سے آنے والے پیٹرول کو قانونی حیثیت حاصل نہیں ہے اور منی پیٹرول پمپس کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کی جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو کسی صورت مافیا کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جائے گا۔انہوں نے کرایوں میں اضافے سے متعلق موصول ہونے والی شکایات کا بھی نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام اور تاجر دونوں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔آخر میں انہوں نے تاجروں سے اپیل کی کہ وہ حکومتی احکامات پر مکمل عملدرآمد کریں تاکہ شہر میں نظم و ضبط برقرار رکھا جا سکے۔