قازقستان کے سفیر کی وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی سے ملاقات، ثقافتی تعاون کے فروغ پر اتفاق

11

اسلام آباد، 7اپریل (اے پی پی): پاکستان میں قازقستان کے سفیر، یرژان کستافن نے منگل کے روز وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اورنگزیب خان کھچی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں دونوں فریقین نے ثقافت اور ورثہ کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ قازق سفیر نے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کے آئندہ دورۂ آستانہ سے قبل مشترکہ ثقافتی پروگراموں کی ریہرسل کے لیے پاکستانی ثقافتی وفد بھجوانے کی درخواست کی۔ یہ وفد وزیرِ اعظم کی آمد پر استقبالیہ تقریب میں موسیقی کا مظاہرہ پیش کرے گا۔

درخواست پر وفاقی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ گلوکاروں اور قوالوں پر مشتمل ایک ثقافتی وفد قازقستان بھیجا جائے گا، اور پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ قوال اس موقع پر اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔

سفیر نے مزید آگاہ کیا کہ باہمی مشاورت کے تحت اسلام آباد میں “سنٹر فار میوزیکل انسٹرومنٹس” کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کی درخواست پر اس مرکز کو پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس(پی این سی اے )میں قائم کرنے پر اتفاق ہوا، جبکہ اس کی باقاعدہ منظوری وزارت کے آئندہ بورڈ آف ڈائریکٹرز اجلاس میں لی جائے گی۔