حکومت پائیدار، شفاف سمیت  سہولیات پر مبنی سرمایہ کاری پر یقین رکھتی ہے، وزیراعظم شہباز شریف

10

اسلام آباد  9 اپریل ( اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف  نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان ایک پائیدار، شفاف اور  سہولیات پر مبنی سرمایہ کاری نظام پر یقین رکھتی ہے-

 سروس لانگ مارچ ٹائرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیئرمین جن یانگ شینگ   کی سربراہی میں 4 رکنی  وفد سے ملاقات میں  وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے بزنس ٹو بزنس تعلقات میں مزید  وسعت  کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں ۔

وزیراعظم نے بتایا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ذریعے سرمایہ کاروں کو تمام تر سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں-

وزیراعظم نے کہا کہ سروس لانگ مارچ جیسے جوائنٹ وینچرز دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی ، ملازمت کے نئے مواقع ، ٹیکنالوجی کی اشتراک اور برآمدات میں اضافے کے لئے انتہائی ضروری ہیں –

چیئرمین سروس لانگ مارچ  جن یانگ شینگ نے پاکستان میں سرمایہ کار دوست نظام اور حکومتی معاشی پالیسیوں کی تعریف کی-

اس موقع پر وزیراعظم کو سروس لانگ مارچ ٹائرز کی نئی سرمایہ کاری کے منصوبوں  پر بریفنگ دی گئی-

بریفنگ میں بتایا گیا کہ سروس لانگ مارچ برآمدات پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ، سال 2024-2025 میں کمپنی کا ایکسپورٹ ریونیو 54 ملین امریکی ڈالرز رہا  جبکہ وفاقی سرمایہ کاری بورڈ سروس لانگ مارچ ٹائرز کو مختلف شعبوں میں سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے کوشاں ہے –

بریفنگ میں  مزید بتایا گیا  کہ نوری آباد ،سندھ میں سروس لانگ مارچ ٹائرز کے سول ڈویلپمنٹ زون کے  قیام کے حوالےسے وفاقی سرمایہ کاری بورڈ نے تمام ضروری سہولیات مہیا کیں-