ملتان: شہر اولیاء میں بیوٹیفکیشن کے منصوبے تیز، نگانہ چوک پر نئی یادگار کا افتتاح

17

ملتان،10اپریل(اے پی پی): ڈویژنل انتظامیہ کی جانب سے شہر اولیاء میں بیوٹیفکیشن اور یادگاروں کی تعمیر کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیوٹیفکیشن ویژن کے تحت نگانہ چوک پر خوبصورت یادگار کی تعمیر مکمل کر لی گئی۔

کمشنر عامر کریم خان نے نگانہ چوک پر شہر کی گیارہویں یادگار کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شہر کے 10 اہم چوکوں پر یادگاریں تعمیر کی جا چکی ہیں اور شہر کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہر اولیاء کی شناخت کو مزید نکھارنے کے لیے ترقیاتی منصوبے تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہیں جبکہ یادگاروں سمیت مختلف مقامات پر خوبصورت لائٹنگ اور لینڈ اسکیپنگ کا کام بھی جاری ہے۔ کمشنر نے مزید کہا کہ ملتان ایونیو کی تعمیر پر بھی تیزی سے کام جاری ہے جو مکمل ہونے کے بعد ایک جدید، سٹیٹ آف دی آرٹ روڈ کے طور پر شہریوں کے لیے ایک بڑا تحفہ ثابت ہوگی۔

ایم ڈی پارکس اینڈ ہارٹیکلچر ایجنسی سید وسیم نے بتایا کہ یہ منصوبہ نجی شعبے کے تعاون اور پی ایچ اے کی نگرانی میں جون میں مکمل کیا گیا۔کمشنر عامر کریم خان کی کاوشوں سے شہر کی خوبصورتی میں ایک اور نمایاں اضافہ ہوا ہے جس پر شہریوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا اور اسے شہر کی مثبت شناخت کا عکاس قرار دیا۔

اے پی پی /کاشف/نورین