وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکا اور ایران کے وفود کے تعمیری انداز میں بات چیت کے عزم کو سراہا

24

اسلام آباد،11اپریل  (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے امریکا اور ایران کے وفود کے تعمیری انداز میں بات چیت کے عزم کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ یہ مذاکرات خطے میں دیرپا امن کے قیام کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوں گے۔

ہفتہ کو یہاں اسلام آباد مذاکرات کے آغاز پر وزیراعظم  محمد شہباز شریف سے ریاست ہائے متحدہ امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس نے ملاقات کی۔ امریکی نائب صدر کے ہمراہ خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور  جیرڈ کشنر جبکہ وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ سینیٹر سید محسن رضا نقوی موجود تھے ۔

دونوں وفود کے تعمیری انداز میں بات چیت کے عزم کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ مذاکرات خطے میں دیرپا امن کے قیام کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوں گے۔وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے حصول کے لیے دونوں فریقین کے درمیان سہولت کاری جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔