لاہور ،11 اپریل ( اے پی پی): وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک مضبوط، ذمہ دار اور اسٹریٹجک عالمی قوت کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔ہارون اختر خان نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی عالمی تباہی کا سبب بن سکتی تھی، تاہم پاکستان نے اس نازک صورتحال میں توازن، تحمل اور مکالمے کی آواز بلند کی۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے مؤثر سفارتکاری کا مظاہرہ کیا اور مشکل حالات میں دانشمندی اور عزم کے ساتھ عالمی چیلنجز کا مقابلہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد اکارڈ امن، اعتماد اور باہمی احترام کی علامت ہے اور تاریخ کے اہم فیصلے جنگ کے میدان کے بجائے مذاکرات کی میز پر طے ہوتے ہیں۔
ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے دن رات محنت کی اور تیل کی بڑھتی قیمتوں کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کیلئے جامع حکمت عملی تشکیل دی گئی، جس سے حقیقی قیادت کا مظاہرہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کاوشوں سے عالمی کشیدگی میں کمی آئی اور عالمی امن کو فروغ ملا، جس سے ملک کا تشخص اور ساکھ مزید مضبوط ہوئی۔معاشی حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اندرون ملک معاشی بحالی کی نئی داستان رقم کر رہا ہے اور قلیل مدتی اقدامات سے نکل کر طویل مدتی اصلاحات کی جانب گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک مسابقتی صنعتی معیشت بنانے کا واضح وژن موجود ہے جبکہ نیشنل انڈسٹریل پالیسی صنعتی ترقی کا جامع خاکہ ہے۔ ایس ایم ایز کو بااختیار بنانے اور کاروبار کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے، جہاں حکومت سہولت کار اور نجی شعبہ ترقی کا انجن بنے گا۔انہوں نے بتایا کہ ریگولیٹری گیلوٹین کے ذریعے غیر ضروری قوانین کا خاتمہ کیا جا رہا ہے جبکہ ٹریکٹر پالیسی زرعی شعبے کو مضبوط کرے گی۔ موبائل و الیکٹرانکس پالیسی ٹیکنالوجی مینوفیکچرنگ اور برآمدات کو فروغ دے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئی بیٹری اسٹوریج اور جدید ڈیوائسز پالیسیز مستقبل کی صنعتوں میں پاکستان کا مقام مستحکم کریں گی اور ملک میں صاف اور پائیدار توانائی کی جانب منتقلی ناگزیر ہو چکی ہے۔











