پشاور،13 اپریل (اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے انیسویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء نے بریگیڈیئر بلال غفور کی قیادت میں گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کو ایک جیسے مسائل کا سامنا ہے اور دونوں صوبے افغان سرحد سے منسلک ہونے کے باعث دہشتگردی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار امن کے لیے انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن انتہائی ضروری ہے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں امریکہ ایران مذاکرات ہونا پاکستان کی بہترین سفارتکاری کا نتیجہ ہے۔ پاکستان نے نہ صرف خود کو جنگ سے محفوظ رکھا بلکہ فریقین کو مذاکرات کی میز پر بھی لے آیا جس سے دنیا میں پاکستان کا نام بلند ہوا۔
گورنر نے بتایا کہ صوبے کی 34 پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے لیے رواں مالی سال کے بجٹ میں 4 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ آئل و گیس پیدا کرنے کے باوجود صوبے میں آئل ریفائنری نہیں بنائی جا سکی۔
شرکاء ورکشاپ نے گورنر سے صوبے کی مجموعی صورتحال، این ایف سی ایوارڈ اور ضم شدہ اضلاع سمیت مختلف موضوعات پر سوالات کیے۔











