وزیر  خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب بوسٹن پہنچ گئے ،ہارورڈ یونیورسٹی میں منعقد ہونے والی  کانفرنس میں شرکت کریں گے

11

بوسٹن،12اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب بوسٹن پہنچ گئے جہاں وہ ہارورڈ یونیورسٹی میں منعقد ہونے والی پاکستان کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

بوسٹن آمد پر امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ اور پاکستانی سفارتخانے کے اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔

وزیر خزانہ نے اپنی مصروفیات کا آغاز ہارورڈ گروتھ لیب ٹیم کے ساتھ ایک اجلاس سے کیاجس میں پروفیسر ریکارڈو ہاسمین ،ڈائریکٹر ڈگلس باریوس ،ڈائریکٹر پالیسی ریسرچ اور تیمور شاہ (فیلو) شامل تھے۔

ملاقات میں پاکستان کی معیشت کے مجموعی منظرنامے، اصلاحاتی ترجیحات اور پائیدار ترقی کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بعد ازاں وزیر خزانہ ہارورڈ یونیورسٹی میں پاکستان کانفرنس میں شرکت کریں گے، جہاں وہ ماہرین تعلیم، پالیسی سازوں اور پاکستانی کمیونٹی کے اراکین سے خطاب کریں گے اور پاکستان کی معیشت، اصلاحاتی عمل اور ترقی کے امکانات پر روشنی ڈالیں گے۔