وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی جی-24 اجلاس میں شرکت، عالمی معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات پر زور

9

واشنگٹن ڈی سی، 14 اپریل (اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے دوران  اپنی مصروفیات کا آغاز جی-24 کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینک کے گورنرز کے اجلاس میں شرکت سے کیا۔

جی-24 کے فرسٹ وائس چیئر کے طور پر اپنے خطاب میں وزیر خزانہ نے کہا کہ عالمی معیشت مسلسل جھٹکوں کے باعث دباؤ کا شکار ہے، اور حالیہ مشرق وسطیٰ کی کشیدگی نے توانائی، کھاد اور مالیاتی حالات پر گہرے اثرات ڈالے ہیں، جو ایک بڑا سپلائی شاک ہے۔

انہوں نے کشیدگی میں کمی، اہم بحری اور توانائی راستوں کے تحفظ اور پائیدار امن کی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا تاکہ عالمی معاشی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

سینیٹر اورنگزیب نے آئی ایم ایف پروگرام کے ڈیزائن اور شرائط کے جاری جائزے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ معاشی استحکام کے بنیادی اصولوں کو برقرار رکھتے ہوئے ایسی لچک بھی ہونی چاہیے جو اہم معاشی خطرات سے نمٹنے اور ترقی و روزگار کے اہداف کے حصول میں مدد دے سکے۔

وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کے سرچارجز کے جلد اور جامع جائزے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور اسے ترقی پذیر ممالک کے لیے اہم قرار دیا۔

انہوں نے عالمی بینک کے ساتھ روزگار پیدا کرنے والی سرمایہ کاری، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور جدید مالیاتی حل کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

وزیر خزانہ نے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا کہ ملک پائیدار ترقی، شمولیت اور مشترکہ خوشحالی کے اہداف کے حصول کے لیے پرعزم ہے، اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مزید مؤثر تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔