اسلام آباد، 15 اپریل ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کے چار روزہ سرکاری دورے پر جدہ روانہ ہو گئے، جہاں وہ اعلیٰ قیادت سے ملاقاتوں کے علاوہ عالمی فورمز پر پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔ دورے کے پہلے مرحلے میں وزیراعظم سعودی عرب اور قطر کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں دوطرفہ تعاون کے فروغ اور علاقائی امن و سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیراعظم دورہ ترکیہ میں پانچویں ‘انطالیہ ڈپلومیسی فورم’ کے ‘لیڈرز پینل’ میں پاکستان کا موقف پیش کریں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم کی صدر رجب طیب ایردوان اور دیگر عالمی رہنماؤں سے اہم دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔











