کامسٹیک و ہواوے ٹیکنالوجیز میں او آئی سی ممالک میں ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ کا معاہدہ

16

اسلام آباد۔15اپریل: او آئی سی کامسٹیک اسلام آباد اور ہواوے ٹیکنالوجیز پاکستان کے درمیان او آئی سی کے رکن ممالک میں ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے ایک  معاہدہ طے پا گیا جس کے تحت مشترکہ معلوماتی و مواصلاتی ٹیکنالوجی اکیڈمی قائم کی جائے گی۔

 اس سلسلے میں مفاہمتی یادداشت پر بدھ کو کامسٹیک سیکرٹریٹ اسلام آباد میں دستخط کئے گئے، اس موقع پر جدید سہولیات سے آراستہ ایک تربیتی مرکز کا بھی افتتاح کیا گیا۔ یہ مرکز جدید ڈیجیٹل نظام سے لیس ہے جہاں آن لائن تدریس، عملی تربیت اور مختلف ممالک کے طلبہ و ماہرین کے درمیان فوری رابطہ اور اشتراک ممکن بنایا گیا ہے۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی میجر جنرل (ر)حفیظ الرحمان تھے ۔  انہوں نے کہا کہ او آئی سی ممالک کو ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینا ہوگا،چیلنجز اور مواقع کے تناظر میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کیا جاتا ہے اور انہی کی بنیاد پر پالیسیاں تشکیل دی جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی اور او آئی سی سطح پر مختلف حکمت عملیوں کے تحت کام کرنا ضروری ہوتا ہے، ماضی میں فائبر نظام کے لئے بھاری اخراجات درکار تھے جبکہ پاکستان نے اس حوالے سے دیگر ممالک کے مقابلے میں مختلف طریقہ کار اختیار کیا، مسائل کا جائزہ لے کر اور متعلقہ اداروں سے مشاورت کے بعد ان کا حل نکالا گیا۔

 کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ یہ معاہدہ او آئی سی خطے میں ڈیجیٹل خود کفالت کے حصول کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے نوجوانوں کو جدید علوم اور مہارتوں سے آراستہ کیا جائے گا جس سے سائنسی و معاشی ترقی کو فروغ ملے گا۔