سی پیک سے پاکستان میں روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ، یہ منصوبہ علاقائی ترقی کے لیے اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، قیصراحمد شیخ

7

اسلام آباد۔15اپریل  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت پاکستان میں روزگار کے مواقع پیدا ہوئے  اور یہ منصوبہ علاقائی ترقی کے لیے  اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہارانسٹی ٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز کے زیر اہتمام پالیسی ڈائیلاگ اور رپورٹ لانچ کی تقریب  سے بطور مہمان خصوصی  خطاب کے دوران کیا۔  تقریب میں  چین کا سفارتخانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن شی یوان چنگ بھی شریک ہوئے۔

 اس موقع پر سی پیک کے اگلے مرحلے میں بہتری، مؤثر پالیسی سازی اور منصوبوں کی رفتار تیز کرنے سے متعلق اہم امور  بارے  گفتگو کی گئی۔ وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان چین کی ترقی سے سیکھ رہا ہے، وہاں تعلیم کے ساتھ فنی مہارتوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی ۔

 انہوں نے کہا کہ حکومت غربت کے خاتمے کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہے،  چین نے اس حوالے سے مثالی منصوبے شروع کیے  جن سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ قیصر احمد شیخ نے  کہا کہ سی پیک کے تحت پاکستان میں روزگار کے مواقع پیدا ہوئے  اور یہ منصوبہ علاقائی ترقی کے لیے  اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک نہ صرف انفراسٹرکچر کی ترقی کا منصوبہ ہے بلکہ یہ ایک جامع علاقائی ترقیاتی اقدام بھی ہے جس کے ذریعے صنعتی، تجارتی اور توانائی کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے نے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے دروازے کھولے  اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔

وفاقی وزیر نے  کہا کہ حکومت سی پیک کے اگلے مرحلے میں صنعتی تعاون، ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور خصوصی اقتصادی زونز کے قیام پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ ترقی کے ثمرات کو مزید وسعت دی جا سکے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان سی پیک کے ذریعے نہ صرف اپنی معیشت کو مستحکم کرے گا  بلکہ خطے میں تجارتی روابط اور خوشحالی کو بھی فروغ دے گا۔