صدر مملکت سے ازبک سفیر کی ملاقات، تجارت اور رابطوں کے فروغ پر زور

9

اسلام آباد، 15 اپریل (اے پی پی): صدر مملکت آصف علی زرداری سے جمہوریہ ازبکستان کے پاکستان میں سفیر علیشر توختائف نے ایوان صدر میں ملاقات کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ تاریخ، ثقافت اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔ انہوں نے صدر شوکت مرزیویف کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

صدر نے تجارت میں تنوع، مارکیٹ تک بہتر رسائی اور تجارتی سہولت کاری کے طریقہ کار کو جلد فعال کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کاروباری روابط اور اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

صدر مملکت نے علاقائی معاشی انضمام کے لیے رابطوں کو مرکزی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان گوادر اور کراچی بندرگاہوں کے ذریعے گرم پانیوں تک مختصر ترین رسائی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے ٹرانس افغان ریلوے منصوبے کی عملی شکل کی حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ مشترکہ رابطوں اور معاشی اہداف کے حصول کے لیے خطے میں امن و استحکام ضروری ہے۔

ازبک سفیر نے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور ازبکستان کی جانب سے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری اور رابطوں میں تعاون بڑھانے میں ازبکستان کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور خطے اور دنیا میں امن کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔

سفیر نے صدر ازبکستان کی جانب سے صدر آصف علی زرداری کو ازبکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔ صدر مملکت نے رواں سال کے آخر میں اپنے دورہ ازبکستان کی تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔