وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی یو ایس پاکستان بزنس کونسل کے اجلاس میں شرکت، امریکی کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات

11

واشنگٹن ڈی سی ، 14 اپریل (اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر یو ایس پاکستان بزنس کونسل کے زیر اہتمام ایک ظہرانے میں شرکت کی، جہاں انہوں نے پاکستان میں کام کرنے والی امریکی کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات کی۔

وزیر خزانہ نے شرکاء کو پاکستان کی معاشی صورتحال اور اصلاحاتی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (EFF) کے تیسرے اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی (RSF) کے دوسرے جائزے پر اسٹاف لیول معاہدہ حاصل کر لیا ہے، جبکہ آئی ایم ایف بورڈ کی منظوری جلد متوقع ہے۔

وزیر خزانہ نے مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے پاکستان کی معیشت پر اثرات، خاص طور پر توانائی کی فراہمی، قیمتوں اور لاجسٹکس پر پڑنے والے دباؤ کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے سپلائی چین کو مستحکم بنانے، طلب کے بہتر انتظام اور ہدفی سبسڈیز جیسے اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے دو مثبت پیش رفتوں کی نشاندہی بھی کی، جن میں کراچی بندرگاہ پر ٹرانس شپمنٹ سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ اور روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں ریکارڈ آمدن شامل ہیں۔

داخلی اصلاحات کے حوالے سے وزیر خزانہ نے ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کی کوششوں پر زور دیا، خاص طور پر غیر رسمی پیشہ ور طبقے کو ٹیکس نظام میں لانے کے لیے ایف بی آر کے ہدفی آڈٹس اور مختلف شعبوں کے ساتھ رابطے بڑھانے کا ذکر کیا۔

اجلاس کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا، جس میں شرکاء نے پاکستان کی معاشی پالیسیوں اور اصلاحاتی ایجنڈے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔