پنجاب میں حکمران جماعت (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس، عالمی امن کے لیے شہباز شریف، اسحاق ڈار اور عاصم منیر کی کوششوں کو خراجِ تحسین کی قرارداد منظور

10

لاہور 15 اپریل ( اے پی پی ): پنجاب میں حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی عالمی امن کی تاریخی کوششوں کے اعتراف اور خراج تحسین کی قرارداد منظور کر لی گئی۔

سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ  پاکستان انسانیت کی بقا اور دنیا کے امن کی تاریخی جنگ لڑ رہا ہے، دنیا وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بے مثال سٹیٹس مین شپ کا اعتراف کر رہی ہے۔

 وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان، عالم اسلام اور عالم انسانیت کے تحفظ کو عالمی تحریک میں بدلا، سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، شہباز شریف نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، سفارتی قوت کا مرکز بنایا، تاریخ یاد رکھے گی کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دنیا کو تیسری  عالمی جنگ سے بچانے میں غیر معمولی کردار ادا کیا، دنیا میں آج پاکستان امن اور امید کی طاقتور علامت بن چکا ہے۔

 مریم اورنگزیب نے کہا کہ اللہ تعالی نے یہ عزت اور منفرد مقام پاکستان کو عطا فرمایا ،وزیراعلی مریم نواز شریف کی قیادت اور محنت سے گزشتہ 2 سالوں میں ریکارڈ 278 قوانین منظور ہوئے،2 سال میں عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے ریکارڈ قانون سازی ہوئی، ریکارڈ منصوبے بنے اور ان پر تاریخی رفتار سے کام ہوا۔

 مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ آپ سب وزیراعلی مریم نواز شریف کی ٹیم ہیں، آپ کی محنت سے یہ کامیابیاں ممکن ہوئیں، خواتین ارکان پارلیمنٹ کی عزت و احترام کو یقینی بنانا مسلم لیگ (ن) کی روشن روایت، قائد محمد نواز محمد نواز شریف کا وژن اور وزیراعلی مریم نواز شریف کا مشن ہے، وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف گزشتہ 2 سال کے دوران اپنی حکومت کی کارکردگی پر پنجاب اسمبلی کو بریفنگ دیں گی۔

انہوں نے کہا کہ سموگ پر ریکارڈ کام ہوا، صحت، تعلیم، ٹیوٹا کے جدید انفراسٹرکچر کی تعمیر، امن و امان کا قیام اور ہر شعبے میں تاریخی اقدامات جاری ہیں، صفائی ستھرائی سے کے کر روڈ انفراسٹرکچر کی تعمیر، مثالی گاؤں کے قیام، زراعت، کسان کی ترقی کے لئے پنجاب کے طول و عرض میں مساوی خدمت جاری ہے، پہلی بار ہے کہ پنجاب کا ہر شعبہ، ہر محکمہ، ہر طبقہ یکساں حکومتی توجہ پا رہا ہے، بھرپور ترقی کر رہا ہے۔

 انہوں نے پنجاب اسمبلی کے تمام ملازمین کی 2 دن کی تنخواہ کفایت شعاری فنڈ میں دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ حکومت پنجاب کے اقدامات سے فیول کی مد میں بچت جاری ہے، پنجاب اسمبلی کے آئیندہ اجلاس میں متوقع اہم قانون سازی سے متعلق پارلیمانی پارٹی اجلاس کو بریفنگ دی گئی پنجاب اسمبلی کے بروقت اجلاس کا انعقاد یقینی بنایا جائے گا۔