دنیا بھر میں محتسب ادارے قانون کی بالادستی میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں، وفاقی محتسب

7

اسلام آباد،16اپریل (اے پی پی): وفاقی محتسب نوید کامران بلوچ نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں محتسب ادارے عوام کو مفت اور فوری انصاف فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ یہ ادارے اچھی حکمرانی، قانون کی بالادستی اور مؤثر عوامی انتظامیہ کے فروغ میں بھی نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نےان خیالات کا اظہار  وفاقی محتسب سیکریٹریٹ میں ایشیائی محتسب ایسوسی ایشن  کے قیام کی 30ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ ایک آن لائن اجلاس کا افتتاح کر تے ہوئے کیا، جو انہوں نے بطور صدرِ ایسوسی ایشن منعقد کیا۔ دیگر رکن ممالک، جن میں آذربائیجان، ترکیہ، چین، تھائی لینڈ، ازبکستان وغیرہ شامل ہیں، نے بھی آن لائن شرکت کی اور اس موقع پر اپنے خصوصی پیغامات پیش کیے۔

وفاقی محتسب نے کہا کہ یہ ادارے خاص طور پر ترقی پذیر ممالک میں عوام کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس سنگِ میل کے حصول پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ “تین دہائیاں قبل لگایا گیا یہ پودا آج ایک متحرک اور مضبوط 47 رکنی تنظیم کی صورت اختیار کر چکا ہے، جو دنیا کی دو تہائی آبادی کی نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کا ارتقاء واقعی قابلِ ذکر ہے، جو محتسبیت کے مقاصد پر اعتماد کو مضبوط کرتا ہے اور ایشیائی خطے کے بہترین مفاد میں باہمی تعاون کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔

وفاقی محتسب نے مزید کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ علم، تجربات اور بہترین طریقۂ کار کے تبادلے کو باقاعدہ ادارہ جاتی شکل دی جائے تاکہ عوامی انتظامیہ میں کارکردگی، شمولیت اور شفافیت کو فروغ دیا جا سکے اور شہریوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔