واشنگٹن ڈی سی : پاکستان اور سعودی عرب کے مابین اہم مالی معاہدہ طے

9

واشنگٹن ڈی سی ، 16 اپریل ) اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں ایک اہم مالی معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی، جس میں امریکہ میں پاکستان کے سفیر بھی موجود تھے۔ یہ تقریب ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر منعقد ہوئی۔

یہ معاہدہ سعودی فنڈ برائے ترقی  اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان  کے درمیان طے پایا، جس کے تحت اسٹیٹ بینک میں رکھے گئے 3 ارب ڈالر کے سعودی ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کی گئی۔

معاہدے پر سعودی فنڈ برائے ترقی کی جانب سے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلطان بن عبدالرحمن المرشد اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے گورنر جمیل احمد نے دستخط کیے۔

یہ معاہدہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط اور دیرینہ اقتصادی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور اس سے پاکستان کے بیرونی مالی استحکام کو مزید تقویت ملے گی۔